پاکستان سپر لیگ میں 22 ارب روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

اسلام آباد: آڈیٹرجنرل نے پاکستان سپر لیگ سیزن ٹو میں 22 ارب روپے کی بے ضابطگیوں سے متعلق آڈٹ مکمل کر کے رپورٹ پیش کر دی ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق دو لیگز کے دوران ساڑھے 22ارب روپے سے زائد کی ضابطگیاں کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کی دو لیگز کے دوران فرنچائزز کی نیلامی غیرمنصفانہ طریقے سے ہوئیں اور مکمل ادائیگیاں بھی نہیں کی گئیں۔ جب کہ صحافیوں کو دی جانے والی رقم کو بھی غیرقانونی قرار دے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اب تک 4پی ایس ایل لیگز ہو چکی ہیں اور اب پی ایس ایل فائیو کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا عزم کرلیا ہے۔ پی ایس ایل فائیو کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوں گے۔ افتتاحی تقریب کراچی جب کہ فائنل لاہور میں کرانےکی تجویز ہے۔

ڈرافٹ کے مطابق 13 میچز لاہور، 9 میچز کراچی، 8 میچز راولپنڈی اور 4 میچزملتان میں کرانےکی تجویز ہے۔ پی ایس ایل سے متعلق معاملات کے حل کیلئے ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کی سربراہی میں ورکنگ کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔کمیٹی میں تمام 6 فرنچائزز کے نمائندے شامل ہوں گے۔کمیٹی میں بورڈ کے عہدیدار بھی شامل ہوں گے۔

 ورکنگ کمیٹی ایک ماہ کے اندر پی ایس ایل فرنچائز کے تحفظات اور مطالبات پر بات چیت کرے گی اور تجاویز اور سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ حتمی فیصلے گورننگ کونسل ہی کرے گی۔ دوسری طرف ارباب نیاز سٹیڈیم، پشاور میں کام کرنے والی کمپنی نے پی ایس ایل5 سے قبل سٹیڈیم تیار کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

Comments are closed.