اسلام آباد: دنیاکے بلند ترین مقام خنجراب پر میراتھن کی تمام کیٹیگریز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے جیت لیں۔ 50 کلومیٹرطویل دوڑمیں محمد سیار، 42 کلومیٹر ریس میں عمیرحیدر جب کہ 21 کلو میٹر ہاف میراتھن میں مرزا اسلم بیگ نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یہ ریس پاکستان اور چین کی سرحد پر4 ہزار 693 میٹر بلندی پر واقع خنجراب ٹاپ سے شروع ہوئی، ریس میں شامل ایتھلیٹس بل کھاتی شاہراہ قراقرم پر دوڑتے ہوئے اپنے اختتامی مقام تک پہنچے۔ اس ریس میں17 ممالک سے 39 غیرملکی ایتھلیٹس سمیت 154 ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔
پچاس کلومیٹر طویل دوڑ میں پاک آرمی کے محمد سیار نے پہلی جب کہ گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے اسلم خان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ محمد اقبال اس ریس میں تیسرے نمبر پر رہے۔ 42 کلومیٹر ریس میں تینوں پوزیشنز پاک فوج کے ایتھلیٹس نے جیت لیں۔ پہلی پوزیشن عمیر حیدرنے حاصل کی جبکہ محمد فہیم نے دوسری اور سہیل تنویر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اکیس کلو میٹر ہاف میراتھن میں مرزا اسلم بیگ نے پہلی جب کہ عبدالمحیط اورمصورالرحمان نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان اورونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کےصدرائیرمارشل عاصم ظہیر اس موقع پر موجود تھے۔ یہ ریس پاک فضائیہ نے ونٹر اسپورٹس فیڈریشن آف پاکستان، زیڈ ایڈوینچرز اور سیرینا ہوٹلز کے تعاون سے منعقد کی اس میراتھن سے پاکستان کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان دلفریب علاقوں میں سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی ۔
Comments are closed.