برسبین: آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 5 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔
آسٹریلیا کے شہر برسبین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اس کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز تھے جب کہ کریز پر شان مسعود 27 اور بابر اعظم 20 رنز کے ساتھ موجود تھے، پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 276 رنز درکار تھے۔
چوتھے دن کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو یکے بعد دیگرے 2 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ شان مسعود 42 جب کہ افتخار احمد کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر محمد رضوان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ذمے دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 132 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
دو سو چھبیس رنز کے مجموعی اسکور پر نیتھن لیون نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا، بابر اعظم نے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔
جس کے بعد رضوان نے یاسر شاہ کے ساتھ پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔ دونوں نے مل کر ساتویں وکٹ پر 79 رنز کی شراکت قائم کی۔ تین سو پانچ رنز کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان 95 رنز پر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ یاسر شاہ کی صورت میں گری انہوں نے 42 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی 10 جب کہ عمران خان 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح پوری ٹیم 335 رنز ہی بناسکی اور آسٹریلیا نے اننگز اور 5 رنز سے فتح سمیٹ کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔
Comments are closed.