پانچواں ’اے ایچ سی، پی سی بی گرلزکرکٹ کپ‘۔۔ ایس او ایس چلڈرن ویلج کی ٹیم فاتح
آسٹریلیا پاکستان میں صنفی مساوات کے لئے جدوجہد جاری رکھے گا، قائم مقام آسٹریلوی ہائی کمشنر بریک بیٹلی
اسلام آباد: آسٹریلوی ہائی کمیشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا پانچواں ’اے ایچ سی، پی سی بی گرلز کرکٹ کپ2019‘ ایس او ایس چلڈرن ویلج کی ٹیم نے جیت لیا۔ قائم مقام آسٹریلین ہائی کمشنر بریک بیٹلی نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان میں صنفی مساوات کے لئے جدوجہد جاری رکھے گا۔
پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمیشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعاون سے گرلز کرکٹ کپ2019 کا انعقاد کیا گیا، ٹورنامنٹ میں ایس اوایس چلڈرن ویلج، اسکائی اسکول سسٹم، ماڈل اسکول فار گرلز جی الیون ون اور اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز آئی نائن کی ٹیموں نے حصہ لیا اور خوب چھکے چوکے لگائے۔ فائنل میچ میں ایس او ایس چلڈرن ویلج نے اسلام آباد ماڈل اسکول فار گرلز جی الیون کو شکست دے دی۔
اس موقع پر پاکستان میں آسٹریلیا کے قائم مقام ہائی کمشنر بریک بیٹلی نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کو مبارکباد اور ایونٹ کے انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور سرینا ہوٹل کے تعاون کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ہائی کمیشن کھیل کے ذریعے صنفی مساوات کو فروغ دینے کیلئے مئی 2016 سے لڑکیوں کے کرکٹ کپ کی میزبانی کر رہا ہے۔ جسے زبردست پذیرائی ملی ہے، رواں برس یہ کرکٹ ٹورنامنٹ لاہور اور کراچی میں بھی منعقد کیا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا جنون پاکستان اور آسٹریلیا دونوں میں مشترکہ طور پر پایا جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہمیں گرلز کپ کی میزبانی کر کے بہت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ سمیت دیگر کھیل لڑکیوں کو عملی زندگی میں رکاوٹیں عبور کرنے اور محدود فکر سے نکلنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ہر بار جب یہ لڑکیاں چوکا، چھکا لگانے کیلئے گیند کو باؤنڈری پر پھینکتی ہیں اور مخالف ٹیم کی کھلاڑی کو آؤٹ کرنے کے لئے کیچ پکڑتی ہیں تو در حقیقت یہ صنفی امتیاز کے خلاف اور برابری کی طرف قدم بڑھاتی ہیں‘‘۔
مسٹر بیٹلی نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر آسٹریلیا 2020 کے آئی سی سی ویمن ٹی 20 کپ کے فائنل کی میزبانی کرے گا، انہوں نے بتایا کہ آسٹریلیا دنیا کا پہلا ملک بن جائے گا جو کرکٹ میچ جیتنے پر انعامی رقم کو مردوں کی اے ٹیم کے برابر کر دے گا۔
اس موقع پر سی ای او سیرینا ہوٹلز عزیز بولانی کا کہنا تھا کہ کرکٹ پاکستان میں ایک جذبے کی شکل میں موجود ہے، سیرینا ہوٹلز کھیلوں کی سفارت کاری کے پروگرام کے تحت کھیلوں کے فروغ کے لئے بہت سے ایسے پروگرامز کو اسپانسر کر رہا ہے۔ عزیز بولانی نے مزید کہا کہ اے ایچ سی۔ پی سی بی گرلز کرکٹ کپ کھیلوں کی سفارتکاری اور خواتین کو با اختیار بنانے کی کوششوں کا حصہ اور صنفی مساوات کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے شاندار موقع ہے۔
گرلز کرکٹ کپ سے قبل لڑکیوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے فرسٹ کلاس کرکٹ کوچز اور پاکستان ویمنز ایمرجنگ اسکواڈ کی مینجر فضا عابد کے زیراہتمام پانچ روزہ کوچنگ کلینک میں بھی شرکت کی۔
Comments are closed.