دس سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی، اظہر علی کا سری لنکن ٹیم کا شکریہ

راولپنڈی: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے 10سال بعد دوبارہ پاکستان کا دورہ کر کے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ بحال کرنے پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اظہر علی کا کہنا ہے کہ ہوم گراونڈ پر کھیل رہے ہیں لہذا پوری کوشش کریں گے کہ جو کمی ہے اسے دورکریں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں 11 دسمبر سے شروع ہو رہا ہے،جس کے ساتھ ہی ملک میں 10سال کی طوالت کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہو گی۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنے سری لنکن ہم منصب دمتھ کرونارتنے کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی ٹیم ٹیسٹ کے کپتان اظہرعلی نے کہا کہ یہ ایک تاریخی موقع ہے اور تمام کھلاڑی اس کا حصہ بننے پر بہت پرجوش ہیں۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے اظہر علی نے کہا کہ 10 سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ پاکستان میں واپس آئی اور گراونڈز کی رونقیں بحال ہوئیں،انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں اچھی طرح سے  کارکردگی نہیں دکھا سکے، اب ہوم گراونڈ پرکھیل کے دوران پوری کوشش کریں گے کہ جو کمی ہے اسے دورکریں۔

قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ وہ کوشش کر رہہے کہ اپنی فارم بحال کرکے بڑا اسکور کریں، اگر کپتان اچھا پرفارم کرے تو دیگر کھلاڑیوں کو بھی حوصلہ ہوتا ہے، پریشر کو ہینڈل کرنے کی کوشش کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی اور کپتان ساتھ ہیں، سری لنکا کو آسان نہیں لیا جا سکتا، ان کی بولنگ اور بیٹنگ اچھی ہے۔

اس موقع پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈی مووتھ کرونا رتنے نے کہا کہ پاکستان کے دورے پر بہت خوش ہیں، 10 سال کے بعد آئے ہیں اچھا موقع ہے، پاکستان کے ساتھ کھیلنا آسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر پہلے پاکستان کے کوچ تھے اب ہمارے ساتھ ہیں، ان کے ساتھ ٹریننگ کرکے پاکستان کی ٹیم کو جاننے کا موقع ملا ہے لہذا کوشش کریں گے کہ اچھا پرفارم کریں۔

Comments are closed.