پی ایس ایل 5 کا جادو۔۔۔ترک سفیر احسان مصطفیٰ یرداکل پشاور زلمی کے فین

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو سے قبل جہاں پاکستان میں کرکٹ کے دیوانے پرجوش اور منتظر ہیں وہیں غیر ملکی سفارت کار بھی پاکستان میں کرکٹ کے میگا ایونٹ میں اپنی دلچسپی کا اظہار کررہے ہیں۔

برادر اسلامی ملک ترکی کے پاکستان میں سفیر احسان مصطفی یرداکل پی ایس ایل ٹیم پشاور زلمی کے مداح ہیں۔ ترک سفیر نے پشاور زلمی کے آفیشل لوگو والی شرٹ میں تصاویر بنوا کر کرکٹ سے اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

مصطفی یرداکل کا کہنا ہے کہ پشاور زلمی کے چیئرمین جاویدآفریدی کی ترکی کے صدر طیب ایردوآن سے ملاقات اور اس شرٹ نے پشاور زلمی کو ترکی میں شہرت دلائی ہے۔ اس سے قبل ترکی کے دو کرکٹرز کی پشاور زلمی اسکواڈ کے ساتھ موجودگی اور ٹریننگ نے ان کے ملک میں کرکٹ کو فروغ دیا۔

ترک سفیر نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں پشاور زلمی کا کردار شاندار ہے، پشاور زلمی اور پی ایس ایل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے پی ایس ایل میچز دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم جانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے۔

Comments are closed.