لاہور: پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان تیسرا اورآخری ٹی ٹوئنٹی بارش کے باعث منسوخ ہوگیا۔ پاکستان تین میچز کی سیریز میں دو صفر سے کامیاب ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار ہے۔
پاکستان اور بنگلادیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جانا تھا تاہم بارش کے باعث میچ کا آغاز نہ ہوسکا اور یوں 4 بجے تک انتظار کے بعد میچ کو منسوخ کردیا گیا، 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 0-2 سے پاکستان کے نام رہی۔
پہلے میچ میں گرین شرٹس نے مہمان سائیڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی اور دوسرا میچ 9 وکٹوں سے باآسانی اپنے نام کیا تھا، عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو سیریز جیتنا تھی۔میچ منسوخ ہونے کے باوجود پاکستان کرکٹ ٹیم رینکنگ میں سرفہرست پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب ہو گی، پاکستان کے اس وقت 270 پوائنٹس ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر آسٹریلوی ٹیم ہے جس کے رینکنگ میں 269 پوائنٹس ہیں۔
پاکستان کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے بعد مہمان ٹیم منگل کو وطن واپس جائے گی۔سیریزکے دوسرے حصے کے دوران مہمان ٹیم ایک مرتبہ پھر آئندہ ماہ پاکستان آئے گی اور ایک ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز ہو جائے گا۔ پاکستان سپر لیگ کے انعقاد کے بعد بنگال ٹائیگر پاکستان آ کر سیریز کے تیسرے مرحلے کے دوران ایک ون ڈے اور ایک ٹیسٹ میچز کھیلے گی۔
Comments are closed.