پاکستان میں کبڈی ورلڈ کپ کی تیاریاں مکمل، شاندار افتتاحی تقریب 9 فروری کو ہوگی

لاہور: پہلی بار پاکستان میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ کے لئے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ 10 ٹیموں کے درمیان ورلڈ چیمپئن بننے کا یہ میلہ 9 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔

پنجاب کا ثقافتی کھیل کبڈی دنیا بھر کے پہلوانوں کے ساتھ اب پہلی بار پاکستان میں اپنا جادو دکھانے کو بے تاب ہے۔ اس سے پہلے بھارت ہی کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کرتا رہا ہے اور اب یہ بڑا ایونٹ پاکستان پاکستان میں شیڈول ہے، جس میں شرکت کے لئے بھارت سمیت 9 ممالک کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

 صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین کا کہنا ہے کہ مقابلے پنجاب کے تین شہروں میں کھیلے جائیں گے۔کبڈی ورلڈ کپ کے لئے ٹیمیں 7 فروری سے پاکستان کے دل لاہور پہنچیں گی۔ کبڈی ورلڈ کپ کا شاندار آغاز 9 فروری کو رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے پنجاب اسٹیڈیم میں ہوگا جہاں کھلاڑیوں اور شائقین کو خوش آمدید کہا جائے گا۔

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی کا کہنا ہے کہ کھیل کے ساتھ ساتھ یہ میلہ پاکستان کی ثقافت اور سیاحت کے فروغ کا باعث بنے گا۔ شائقین کے اعتبار سے پاکستان میں کرکٹ کے ساتھ کوئی کھیل مقابلہ کرتا ہے تو وہ کبڈی ہے اور شہریوں کے لئے اچھی خبر یہ ہے کہ میچز کے لئے ٹکٹوں کی فروخت 3 فروری سے شروع ہو جائے گی۔ کبڈی ورلڈ کپ کے تمام میچز لائیو براڈ کاسٹ کے ساتھ انٹرنیٹ سٹریم بھی ہوں گے

Comments are closed.