فاسٹ باؤلر نسیم شاہ ٹیسٹ میچ میں ہیٹرک کرنیوالے دنیا کے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے

راولپنڈی: پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ ٹیسٹ میچ میں ہیٹرک کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔ نسیم شاہ کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان کو میچ میں اننگز کی فتح کے لیے مزید 4وکٹیں درکار ہیں۔

قومی ٹیم کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلا دیش کے تین کھلاڑیوں کو پے درپے پویلین بھیج کرکے تاریخ رقم کر دی ہے۔16 سال اور 359 دن کی عمر کے فاسٹ بولر نسیم شاہ نے یہ ہیٹ ٹرک کا کارنامہ اپنے کیریئر کے چوتھے ہی ٹیسٹ میں ہی سرانجام دیا۔ان کی باؤلنگ کا شکار بننے والوں میں نجم الحسین، تیج الاسلام اور محمد اللہ شامل ہیں۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے علاقے دیر سے تعلق رکھنے والے نسیم شاہ نے گزشتہ سال نومبر میں برسبین آسٹریلیا میں کھیلے جانیوالے میچ میں 16 سال کی عمر میں ڈیبیو کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی تھی۔ انہیں دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا تو 11 نومبر کو اس وقت ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا۔

جب نسیم شاہ آسٹریلیا میں اپنا پہلا بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیلنے کے منتظر تھے۔ انہوں نے والدہ کے انتقال کے باوجود پاکستان واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا تو پاکستان اور آسٹریلیا کی اے ٹیموں نے پریکٹس میچ میں سیاہ ربن باندھ کر نسیم شاہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز بھی قومی ٹیم کی پوزیشن مستحکم رہی۔ کھیل ختم ہونے پر بنگلا دیش نے چھ وکٹوں پر ایک سو چھبیس رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم چار سو پینتالیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔بابر اعظم کل کے سکور میں اضافہ کیے بغیر ایک سو تینتالیس رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ حارث سہیل 75 اور اسد شفیق نے 65 رنز بنائے۔

بنگلا دیش کی دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا۔ 53 رنز پر دونوں اوپنرز چلتے بنے۔ نجم الحسن 38، تمیم اقبال 34، سیف حسن 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دن کا کھیل ختم ہوا تو مومن الحق 37 اورلٹن داس صفر پر وکٹ پر موجود تھے۔ پاکستان کو اب بھی چھیاسی رنز کی برتری حاصل ہے۔

نسیم شاہ کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ پر گرفت مضبوط کر لی ہے اور اسے میچ میں اننگز کی فتح کے لیے مزید 4وکٹیں درکار ہیں۔

Comments are closed.