فیصل آباد: کبڈی کا عالمی میلہ فیصل آباد میں سج گیا، کبڈی ورلڈ کپ کے شاندار مقابلوں میں کینیڈا اور ایران نے حریف ٹیموں آذربائیجان اور جرمنی کو ہرا دیا۔ انگلینڈ نے سیرالیون کو آؤٹ کلاس کر دیا۔
لاہور کے بعد فیصل آباد میں کبڈی ورلڈکپ کے میچزجاری ہیں، ان مقابلوں کو دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔ فیصل آباد میں کھیلے جانے والے پہلے میچ کے دوران کینیڈا اور آذر بائیجان کی ٹیمیں مد مقابل ہوئیں۔
دوسرے مرحلے کے دوران پہلے میچ میں کینیڈا نے حریف ٹیم آذر بائیجان کو 9 پوائنٹس سے شکست دی۔ فاتح ٹیم کینیڈا کا سکور 40 جبکہ آذر بائیجان کا سکور 31 رہا۔دوسری جانب ایک اور میچ میں ایران نے جرمنی کو 32 پوائنٹس سے باآسانی شکست دیدی۔
فیصل آباد میں کھیلے جانے والے کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے اہم میچ کے دوران ایران نے جرمنی کو آسانی سے ہرا دیا، یہ میچ یک طرفہ ثابت ہوا، ایران نے حریف ٹیم جرمنی کو 23 کے مقابلے میں 55 پوائنٹس سے پچھاڑ دیا۔
تیسرے میچ میں انگلینڈ نے سیرالیون کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ فیصل آبادمیں کھیلے گئے کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے سیرالیون کو 15 پوائنٹس سے ہرا دیا۔ انگلینڈ نے 26 پوائنٹس کے مقابلے میں 41 پوائنٹس سے سیرالیون کو زیر کردیا
فیصل آباد کے بعد ایونٹ گجرات منتقل ہو گا اور جمعہ کو گجرات کے عوام عالمی پہلوانوں کو اپنے سامنے دنگل کرتے دیکھیں گے۔آخر میں ایونٹ کی دوبارہ لاہور واپسی ہو گی جہاں 15 اور 16فروری کو بالترتیب سیمی فائنل اور فائنل مقابلے منعقد ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کبڈی ورلڈکپ 2020ء کے دوران تیسرے دن تین میچز ہوئے، آسٹریلیا نے آذربائیجان کو زیر کر لیا، جرمنی نے انگلینڈ کو پچھاڑ دیا۔ بھارت نے سیر الیون کو آؤٹ کلاس کر دیا۔
Comments are closed.