انسداد بدعنوانی قوانین کی خلاف ورزی پر عمر اکمل معطل، پی ایس ایل سے بھی چھٹی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انسداد بدعنوانی قوانین کی خلاف ورزی پر ملک کے معروف بلے بازعمراکمل کو معطل کر دیا، جس کے باعث عمر اکمل پاکستان سپر لیگ سے باہر ہو گئے۔

پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے کے آغاز سے قبل ہی پی ایس ایل کو ایک اور کرپشن اسکینڈل نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے عمر اکمل کو اینٹی کرپشن قوانین کی خلاف ورزی پر معطل کردیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کرکے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے عمر اکمل کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، انکوائری مکمل ہونے تک عمر اکمل کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔

پی سی بی کے اعلامیے میں عمر اکمل کی معطلی کی وجہ نہیں بیان کی گئی تاہم یہ کہا گیا کہ اس وقت تحقیقات جاری ہیں لہٰذا پی سی بی اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔ دوسری طرف یہ بھی واضح کیا گیا کہ عمراکمل کی معطلی کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 2020 کے لیے ان کے متبادل کے انتخاب کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 5 کا آغاز آج (جمعرات) سے ہورہا ہے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آج ہی اپنا پہلامیچ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے گی۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ کرپشن اسکینڈل پاکستان سپر لیگ پر اثرانداز ہوا بلکہ 2017 میں کھیلے گئے لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے افتتاحی میچ کے بعد ہی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے پاکستان کرکٹ کے درودیوار کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔

متحدہ عرب امارات میں منعقدہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز میں ہی اسپاٹ فکسنگ کے الزامات پر اسلام یونائیٹڈ کے دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔بعد ازاں شاہ زیب حسن، ناصر جمشید اور فاسٹ باؤلر محمد عرفان کو بھی بکیز سے رابطے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے پی ایس ایل سے باہر کر دیا گیا تھا۔

Comments are closed.