کراچی: نیشنل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب سے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آغاز ہو گیا جس میں راحت فتح علی خان، سجاد علی، آئمہ بیگ سمیت دیگر فنکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس میں اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ تقریب میں میزبانی کے فرائض معروف گلوکار اور کمپیئر فخر عالم انجام دے رہے ہیں۔
اسٹیڈیم میں موجود بڑی اسکرینز پر ایک ویڈیو چلائی گئی جس میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اہم شہروں کی خوبصورت طریقے سے منظر کشی کی گئی تھی۔اس کے بعد علاقائی موسیقی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا جس نے اسٹیڈیم اور ٹی وی پر دیکھنے والوں کو خوب محظوظ کیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17مارچ2019 کو ہم نے وعدہ کیا تھا کہ ہم پورا سال ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں منعقد ہو گا اور وہ وعدہ ہم نے آج پورا کردیا۔انہوں نے کہا کہ اس سال کراچی اور لاہور کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کا انعقاد ہو گا اور ہماری کوشش ہو گی کہ اگلے سال پشاور میں بھی میچز کا انعقاد کرائیں۔
اس موقع پر احسان مانی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف تمام غیرملکی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہا اور پاکستانی عوام، شائقین کرکٹ، اسپانسرز، کمرشل اور میڈیا پارٹنرز کا شکریہ اداکیا، ان کا کہنا تھا کہ ان کی مدد سے پاکستان سپر لیگ ملک کا سب سے بڑا کھیلوں کا برانڈ بن چکا ہے۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 20, 2020
اس کے بعد صنم ماروی،سوچ بینڈ اور فرید ایاز قوال نے تقریب میں صوفیانہ کلام پیش کیا جس کے بعد سجاد علی اور آئمہ بیگ نے فن کے جوہر دکھائے۔ تقریب میں راحت فتح علی خان کے بعد اختتامی لمحات میں عارف لوہار، عاصم اظہر ، ہارون اور علی عظمت نے پی ایس ایل کے آفیشل گانے ‘تیار ہیں’ پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے شائقین کے دل جیت لیے۔
پاکستان سپر لیگ کے اس ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ اس ایونٹ کے تمام 34 میچز پہلی مرتبہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیں گے اور کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں 10لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی اور فاتح ٹیم کو 5لاکھ ڈالرز بطور انعام دیے جائیں گے۔
Comments are closed.