پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پچھاڑ دیا

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایڈیشن فائیو کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئےپی ایس ایل کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں کامران اکمل نے جارحانہ انداز سے اننگ کا آغاز کیا اور 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔

بعد ازاں کامران اکمل نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی اور وہ 55 گیندوں پر 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 4 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے جب کہ حیدر علی 25 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔پشاور زلمی نے ہدف 19 ویں اوورز میں حاصل کر لیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے فواد احمد نے دو جب کہ سہیل خان اور ٹائمل ملز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس پشاور زلمی نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا، واٹسن صرف 8 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بنے۔تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے احمد شہزاد بھی صرف 12 رنز ہی بناسکے۔

کوئٹہ گلیڈی اییٹرز کے اوپننگ بلے باز جیسن روئے نے ذمہ دارنہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محتاط انداز میں نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ بڑی شارٹس مارنے میں ناکام رہے۔ کپتان سرفراز احمد نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں کامیابی سے ہمکنار کروانے والے اعظم خان 9 گیندوں پر صرف 5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ جیسن روئے 73 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 جب کہ عامر خان اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پشاور زلمی کو اپنے پہلے میچ میں کراچی کنگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Comments are closed.