کراچی: پاکستان میں کرکٹ کا بڑا میلہ پرجوش انداز میں جاری ہے، پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ کے دوران کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 156 رنز بنائے جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا لیکن واٹسن 27 اور روئے 17 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
احمد شہزاد کے 11 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی مشکلات بڑھ گئیں تاہم کپتان سرفراز احمد نے معین خان کے بیٹےاعظم خان کی شراکت کے ساتھ ذمہ داری سے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔ اعظم خان 30 گیندوں پر 46 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ کپتان سرفراز احمد 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور محمد رضوان کی جگہ ایلکس ہیلز کو شامل کیا گیا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں احسان علی کی جگہ انور علی اور فواد احمد کی جگہ نسیم شاہ کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا۔
کراچی کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شرجیل صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بابراعظم 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جب کہ پی ایس ایل کے اس سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے الیکس ہیلز 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
کیمرون ڈیلپورٹ 22 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم چاڈوک والٹن ایک رنز بنانے کے بعد بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے، کپتان عماد وسیم بھی 8 رنز ہی بناسکے، کرس جورڈن نے 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 25 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3، ٹائمل ملز نے 2 جب کہ سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Comments are closed.