پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی میں بڑی تبدیلیاں ڈیرن سیمی ہیڈکوچ، وہاب کپتان مقرر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کی مقبول فرنچائز پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کو قیادت سے ہٹا کر ہیڈ کوچ کا عہدہ دے دیاہے جب کہ ان کی جگہ وہاب ریاض کو ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ 2017 کی فاتح پشاور زلمی نے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کے درمیان ہی ڈیرن سیمی کو قیادت سے ہٹا کر فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو ٹیم کی قیادت سونپ دی ہے۔ڈیرن سیمی آئندہ دو سال کے لیے پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ جبکہ محمد اکرم ٹیم ڈائریکٹر اور باؤلنگ کوچ ہوں گے۔

ڈیرن سیمی سے ٹیم کے کپتان کا عہدہ ایک ایسے موقع پر واپس لیا گیا جب دو دن قبل ہی ان کے فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی سے اختلافات کی خبریں میڈیا کی زینت بنی۔ پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف میچ میں انجری کا شکار کپتان ڈیرن سیمی کو نہیں کھلایا تھا اور ان کی جگہ فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کپتان کے روپ میں نظر آئے تھے۔

اس موقع پر میڈیا میں زلمی کے اونر اور کپتان کے درمیان اختلافات کی خبروں کو تقویت ملی جب ڈیرن سیمی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں سمجھ چکا ہوں کہ آپ اپنا کام مکمل کرنے تک ہی اہم ہیں۔

تاہم بعد ازاں سابق ویسٹ انڈین کپتان نے جاوید آفریدی کے ساتھ اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے فرنچائز مالک کو اپنا بھائی جب کہ پشاور زلمی کو‘بے بی’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی چیز ان کے درمیان نہیں آسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین نہیں آرہا ہے کہ میڈیا یہ سوچے گا کہ میرے اور میرے بھائی جاوید آفریدی کے درمیان کوئی مسئلہ ہوگا، میں درحقیقت اس پر ہنس رہا ہوں، سن لیں کہ مجھے اس شخص سے بالکل اپنے بھائی کی طرح محبت ہے۔

Comments are closed.