لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن فائیو کے 21ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی۔
لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 21ویں میچ میں لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی اور سمت پٹیل کی شاندار بولنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کو پچ پر پاؤں جمانے نہ دیا، شاندار باؤلنگ کے باعث گلیڈی ایٹرز 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر صرف 98 رنز بناسکے۔
ہدف کے تعاقب میں فخرزمان نے سہیل اختر کے ساتھ مل کر جارحانہ آغاز فراہم کیا لیکن فخر زمان 20 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کپتان سہیل اختر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے اور صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔محمد حفیظ اور بین ڈنک نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 12ویں اوور میں مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔ حفیظ 32 گیندوں پر 39 اور ڈنک 21 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے باولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا، شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں شین واٹسن کو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس بھیج دیا اور اپنے اگلے ہی اوور میں احمد شہزاد کو بھی آؤٹ کردیا جس سے کوئٹہ کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔
بعد ازاں سمت پٹیل نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 5 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو 1، جیسن روئے کو 6، اعظم خان اور بین کٹنگ کو صفر پر آؤٹ کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
محمد نواز نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ 26 گیندوں پر 10 رنز جب کہ فواد احمد چار رنز بنانے کے بعد راجا فرضان کا شکار بنے۔ سہیل خان نے 35 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیلی وہ سلمان ارشاد کا شکار بنے۔
Comments are closed.