پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں میچزشیڈول کے مطابق ہوں گے، سندھ حکومت

کراچی: وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں میچز متاثر ہونے کے امکانات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے اور اسٹیڈیم میں شائقین کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کی کراچی سے منتقلی کی افواہیں زیر گردش تھیں تاہم آج وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں نے میچز شیڈول کے مطابق کراچی میں کرانے پر اتفاق کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ صوبے میں 19 کیسز کے ٹیسٹ کیے تھے جن میں 9 کیسز مثبت آئے، حیدر آباد میں سامنے آنے والے کیس کے 2 قریبی روابط تھے جن میں ایک مثبت آیا اور ایک منفی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جو پہلے 6 کیسز تھے ان میں ایک ٹھیک ہوگیا ہے اور شاید کل ہسپتال سے ریلیز کیا جائے گا، 2 نمونے ابھی بھیجے گئے ہیں اور ان کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔

اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ جو 14 کیسز مختلف ہسپتالوں میں ہیں وہ سب صحتیاب ہو رہے ہیں، اب کراچی میں 14 کیسز ہیں اور ایک حیدرآباد میں ہے، اس حساب سے سندھ میں کل 15 کیسز ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں ابھی تک تمام کیسز اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ کوئی بھی مقامی کیس نہیں، پہلے دن سے مسئلے کو روکنے کی کوشش کی ہے اور اب ہماری کوششیں مزید تیز ہوں گی۔

اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل میچز کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں، میچ سے قبل اسٹیڈیم کی فیومیگیشن کی جائے گی جبکہ سیکیورٹی کے ساتھ تھرمل اسکریننگ بھی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت میچز کے انعقاد کے لیے پوری طرح تیار ہے اور میچ اسی طرح ہوں گے جیسے ہوتے ہیں۔ جو لوگ ایران، چین، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک سے آئے ہیں انہیں احتیاط کرنی چاہیے، اس سے وہ خود بھی بچ سکیں گے کیونکہ اس سے ان کے اہلخانہ سب سے پہلے متاثر ہو سکتے ہیں لہٰذا انہیں بچانے کے لیے احتیاط بہت ضروری ہے۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ وائرس ایسا خطرناک نہیں کہ جس کو ہو وہ صحتیاب نہ ہو سکے، اس میں موت کا امکان 2 فیصد ہے اور اس میں بھی ان لوگوں کی جان جانے کا امکان زیادہ ہوتا ہے جن کا مدافعتی نظام کمزور یا جو عمر رسیدہ ہیں۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں جس پہلے مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی وہ صحت یاب ہوچکا ہے اور ان کے تمام اہلخانہ کی بھی اسکریننگ ہوئی اور وہ تمام افراد بھی مکمل طور پر صحت یاب ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے پی ایس ایل کے تماشائیوں کے نام پیغام میں کہا کہ شائقین ضرور اسٹیڈیم آئیں، ہم نے ان کے لیے احتیاطی انتظامات کیے ہیں جس کے تحت انہیں سینی ٹائزر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی اسکریننگ بھی کی جائے گی۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے کہا کہ کسی کھلاڑی نے خدشات کا اظہار نہیں کیا، سب کو اپنی حفاظت کے حوالے سے تحفظات ہوتے ہیں، ابتدائی طور پر دو کیسز کراچی اور دو اسلام آباد میں آئے لیکن راولپنڈی میں میچز منعقد ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ  ہم کھلاڑیوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کریں گے اور حفاظتی اقدامات کے طور پر رول ماڈل تیار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دیگر ملکوں کی طرح تماشائیوں کے بغیر میچز کے انعقاد کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

 ذاکر خان نے کہا کہ کراچی سے میچز کی منتقلی کا انحصار سندھ حکومت پر ہے، اگر انہیں لگے گا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے چیزیں ان کے اختیار میں نہیں ہیں ہم پھر ان کی ہدایات پر عمل کریں لیکن جب تک ان کی طرف سے کوئی تجویز نہیں آتی اس وقت تک یہ بات نہیں ہو سکتی۔

Comments are closed.