کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ۔۔۔ ٹوکیو اولمپکس کا آئندہ برس انعقاد بھی مشکل

مانیٹرنگ ڈیسک

ٹوکیو: جاپانی ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عالمی وباء کے مسلسل پھیلاؤ کے پیش نظر 15 ماہ بعد بھی ورلڈ اولمپکس کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے۔

جاپانی پروفیسر کینتارو اواتا کا کہنا ہے کہ اگر میں آپ سے سچ کہوں تو میرا نہیں خیال کہ اگلے سال بھی اولمپکس کا انعقاد ممکن ہوسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اولمپکس کے انعقاد کے لیے دو چیزیں سب سے اہم ہے ہیں، پہلی یہ کہ جاپان میں وائرس پر قابو پایا جائے اور دوسری دنیا بھر میں اس وباء پر قابو پا لیا جائے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب غیریقینی صورتحال کی وجہ سے منتظمین کے لیے ایونٹ کا انعقاد خطرے سے خالی نہ ہو گا خصوصاً ایسی صورتحال میں جب اگلے سال تک کوئی ویکسین ایجاد نہیں ہو جاتی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کو دیکھتے ہوئے جاپان اور انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے رواں برس ہونے والے کھیلوں کےبین الاقوامی مقابلے ایک سال کے لئے ملتوی کردیا تھا۔ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد آئندہ سال 24 جولائی سے 8 اگست تک ہوگا اور اس کے بعد پیرالمپکس بھی شیڈول ہیں

یاد رہے کہ اولمپکس کو آخری مرتبہ جنگ عظیم دوئم کے موقع پر 1940 میں ملتوی کیا گیا تھا اور حیران کن اتفاق یہ ہے کہ اس وقت بھی اولمپکس کا انعقاد ٹوکیو میں ہی ہونا تھا۔

Comments are closed.