لندن: ٹینس سٹار اینڈی مرے کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے خاتمے کے بعد کھیل کے میدان آباد کرنے میں اتنی جلد بازی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔
تفصیل کے مطابق مینز پروفیشنل ٹینس (اے ٹی پی ٹوور) اور ویمن ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) کے مقابلوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے جولائی تک معطل کیا جا چکا ہے جبکہ پریمیئر لیگ فٹبال کلب کی خواہش ہے کہ ان کے سیزن کو رواں موسم گرما تک مکمل کر لیا جائے۔
ایسے میں سابق نمبر ون کھلاڑی اینڈی مرے کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کے باعث سفری دشواریاں اور دیگر سنگین مسائل کی وجہ سے ٹینس وہ آخری کھیل ہونا چاہیے جسے کورونا وائرس کے خاتمے کے بعد دوبارہ کھیلنے کا سوچا جائے۔
اپنے ایک بیان میں اینڈی مرے نے کہا ہے کہ سب سے پہلے زندگی کو معمول پر واپس لانے کی ضرورت ہے۔ تا کہ ہم باہرجائیں، دوستوں سے ملیں، ریسٹورنٹس جائیں اور آزاد فضا میں سانس لے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد امید کی جاسکتی ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ہمیں سفر کرنے کی اجازت ملے اور کھیلوں کے میدان سجنا شروع ہو جائیں لیکن مجھے مستقبل قریب میں ایسا ہوتا نظر نہیں آ رہا۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے یو ایس اوپن اور فرنچ اوپن کو اگست اورستمبر تک ملتوی کیا جا چکا ہے، تاہم اس معاملے پر اینڈے مرے کہتے ہیں کہ سب سے پہلے تو ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ کسی طرح اس وباء کے پھیلاؤ کا خاتمہ ہو سکے، اس کے بعد ہی روزمرہ کی زندگی میں واپسی ممکن ہو سکتی ہے۔
Comments are closed.