انگلش کرکٹ بورڈ کے 4 رکنی وفد کی کراچی میں سکیورٹی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات
برطانوی وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا بھی دورہ کیا، پریکٹس ایریا، میڈیا باکس اور ڈریسنگ روم کا بھی جائزہ لیا۔ کراچی کے بعد برطانوی وفد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کا بھی دورہ کرے گا
انگلش کرکٹ بورڈ کے 4 رکنی وفد نے کراچی میں سکیورٹی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، انہیں سکیورٹی پلان اور دیگر اقدامات سے آگاہ کیا گیا ، وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کا بھی دورہ کیا۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اس سال دورہ پاکستان سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چار رکنی وفد نے کراچی میں مصروف دن گزارا۔ وفد کی پہلے سکیورٹی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئی جہاں حکومت سندھ اور سکیورٹی ایجنسیز نے انہیں سکیورٹی پلان کی بریفنگ دی، ٹیموں کی آمد ورفت کے حوالے سے بھی بتایا گیا۔
4 رکنی وفد میں انگلش کرکٹ بورڈ کے کرکٹ آپریشنز کے دو افراد جبکہ سکیورٹی اور پلیئرایسوسی ایشن کا ایک ایک نمائندہ شامل ہے۔ وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا بھی دورہ کیا، پریکٹس ایریا، میڈیا باکس اور ڈریسنگ روم کا بھی جائزہ لیا۔ کراچی کے بعد برطانوی وفد ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کا بھی دورہ کرے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم رواں سال 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ستمبر میں پاکستان آئے گی جبکہ دسمبر میں انگلش ٹیم ٹیسٹ سیریز کیلئے بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔ 4 رکنی وفد آج رات ملتان روانہ ہوجائے گا۔
Comments are closed.