اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں سلور میڈل جیتنے کے بعد ہاکی ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، ائیر پورٹ پر شاندار استقبال

قومی ہاکی ٹیم اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں سلور میڈل جیتنے کے بعد ملائیشیا سے وطن واپس پہنچ گئی۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی، سیکرٹری رانا مجاہد،قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان چوہدری اختر رسول، محمد ثقلین،رانا مجاہد اور انجم سعید سمیت دیگر سابق کھلاڑیوں اور ہاکی شائقین نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔

قومی ہاکی ٹیم کی آمد پر ایئرپورٹ پر شائقین کی جانب سے قومی ہاکی ٹیم کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔اس موقع پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کی کامیابی پر پاکستان کا بچہ بچہ ہاکی کے ساتھ دوبارہ جڑ گیا ہے، 13 سال بعد اذلان شاہ کا کپ کھیلنا اور ناقابل شکست رہنا میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاکستان دوبارہ اپنی اصل پوزیشن پر واپس آیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہاکی ٹیم نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کردیا ہے ، ہاکی کے ٹورنامنٹس میں شرکت کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہاکی کا مستقبل دوبارہ سے روشن ہو رہا ہے،ان کھلاڑیوں کی قومی کیمپ میں میرٹ پر سلیکشن ہوئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے کھلاڑیوں کو پرائم منسٹر ہائوس دعوت د ی ہے جہاں ان کی کارکردگی کو سراہیں گے اور ان کے لئے انعامات کا اعلان بھی کریں گے ۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.