ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر احمد شہزاد پر 4 ماہ کے لئے پابندی عائد

اسلام آباد: ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد پر 4 ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔ جس کا اطلاق 10 جولائی 2018 سے ہو گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کے مطابق  احمد شہزاد کے ڈوپ سیمپل میں افیون کی مقدار پائی گئی۔

احمد شہزاد نے جمعے کو پابندی پر اپنے رد عمل میں کہا کہ  وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے لگائی گئی 4 ماہ کی پابندی کو قبول کرتے ہیں۔  بلے باز نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ممنوعہ ادوایات کا استعمال کیا جو نہیں کرنا چاہیے تھا۔ یہ پابندی ان کے لیے اور ساتھی کرکٹرز کے لیے سبق ہے۔ احمد شہزاد نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد کرکٹ کی دنیا میں واپس آ جائیں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد کا یورین سیمپل رواں برس 3 مئی کو فیصل آباد میں منعقد ہونے والے پاکستان ون ڈے ٹورنامنٹ کے دوران لیا گیا۔ پی سی بی کی جانب سے یہ نمونہ بھارت کی ایک لیبارٹری کو بھجوایا گیا جو کہ ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی سے منظور شدہ ہے۔بھارتی لیبارٹری کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد پی سی بی نے تصدیق کے لیے حکومت پاکستان کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی خدمات حاصل کیں، دونوں لیبارٹریز کی رپورٹس کے بعد احمد شہزاد کو 10 جولائی کو چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا۔ احمد شہزاد نے دیئے گئے مقررہ وقت میں بی سیمپل کے لیے رابطہ کیا اور ناں ہی قانونی جنگ لڑی۔

Comments are closed.