ایشیا کپ ہوگا یا نہیں؟ فیصلہ پیر سنایا جائے گا

لاہور : ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے ایشیا کپ کے حوالے سے حتمی فیصلہ پیر سنایا جائےگا۔

عالمی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے امید کا دامن نہیں چھوڑا مگر ایسا ممکن نہیں ہوتا تو اس کیلئے بھی تیار رہنا ہوگا۔ ایشین کرکٹ کونسل نے پیر تک حتمی جواب دینے کا کہا ہے، میں نے بورڈ میں اپنی ٹیم سے کہہ دیا کہ اگر ایونٹ پاکستان کے بغیر ہو تو اس دوران متبادل مصروفیت کے طور پر 3 ملکی سیریز کا اہتمام کریں۔ ابھی انگلش بورڈ سے بات نہیں ہوئی مگر 2 مہمان ٹیمیں کون سی ہوں گی ابھی پتے شو نہیں کروں گا، امید کرتا ہوں کہ ایسا کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور ایشیا کپ میں تمام ٹیمیں شریک ہوں گی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان میں عمران خان کی احتجاجی تحریک 6 ماہ سے چل رہی ہے، اس دوران آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آ کر کھیل چکی ہیں، موجودہ صورتحال عارضی اور ایشیا کپ ستمبر میں ہونا ہے، متحدہ عرب امارات ماضی کی طرح اس ایونٹ کے میچز کی میزبانی کے لیے زور لگا رہا ہے مگر ارکان وہاں سخت گرم موسم پر تحفظات رکھتے ہیں۔ احمد آباد میں کھیلنے کا سوال تو بعد میں آتا ہے، پہلی بات تو یہ ہے کہ ہم ورلڈکپ میں شرکت کیلئے بھارت جائیں، اگر مسئلہ حل ہوجائے اور بھارتی بورڈ کہے کہ ہم پاکستان میں کسی بھی شہر میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں تو ہم بھی ایسا ہی اعلان کریں گے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہا ہم بھارتی ٹیم کو سکیورٹی فراہم کریں گے، اسی طرح ورلڈکپ میں ان کو یہ ذمہ داری اٹھانا ہو گی، اگر آپ کو پاکستان آنے لاہور، کراچی یا راولپنڈی میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں تو ہمیں بھی احمد آباد، کولکتہ دھرم شالہ یا چنئی میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

Comments are closed.