دبئی: ایشیا کپ کے ناک آؤٹ میچ میں انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا نے بنگلہ دیش کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
سری لنکا کامیابی کے بعد ایشیا کپ کے سپر فور میں پہنچ گیا ہے جب کہ بنگلہ دیش ایونٹ سے باہر ہو گیا ہے۔ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے سری لنکا کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا تھا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 184 رنز کا ہدف سری لنکا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کرلیا۔
ایشیا کپ کے لیے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کے ابتدائی بلے بازوں میں مہدی حسن میراز 38 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ کپتان شکیب الحسن نے 24 رنز بنائے۔
میچ اس وقت دلچسپ ہو گیا جب گیارہویں اوورز میں 87 رنز پر چار بنگلہ دیشی کھلاڑی کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔
عفیف حسین نے 22 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ محمود اللّٰہ کے 27 اور مصدق حسین کے ناقابل شکست 9 گیندوں پر 24 رنز نے بنگلہ دیش کو 183 کے مجموعے تک پہنچادیا۔
دونوں ٹیموں کے لیے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل تھا کیونکہ فاتح ٹیم نے سپر فور کے لیے کوالیفائی کرنا تھا جبکہ ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔
دونوں کرکٹ ٹیموں کو ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں افغانستان نے شکست دی تھی۔
Comments are closed.