بنگلا دیشی بیٹر میچ کے بعد ٹپس لینے بابر اور رضوان کے پاس پہنچ گئے، ویڈیو وائرل
میچ کے بعد بنگلا دیشی بیٹر لٹن داس مفید مشورے لینے کے لیے بابر اعظم اور محمد رضوان کے پاس پہنچے جس کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئی ہے۔
سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری لیگ میچ میں پاکستان کے خلاف 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے بنگلا دیشی بیٹر لٹن داس میچ کے بعد ٹپس لینے کے لیے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے پاس پہنچ گئے۔
سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری لیگ میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دی جس میں محمد رضوان 69 اور بابر اعظم 55 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ محمد نواز نے بھی 20 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ کے بعد بنگلا دیشی بیٹر لٹن داس مفید مشورے لینے کے لیے بابر اعظم اور محمد رضوان کے پاس پہنچے جس کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئی ہے۔
پی سی بی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم اور محمد رضوان لٹن داس کو اردو میں مشوروں سے نواز رہے ہیں اور بنگلا دیشی بیٹر بھی ان کے ساتھ اردو میں گفتگو کر رہے ہیں۔
کپتان بابر اعظم نے لٹن داس کو مشورہ دیا کہ اپنے حوالے سے جتنا کم سنو گے اعتماد برقرار رہے گا، ناچاہتے ہوئے بھی شک و شبہات آتے ہیں لیکن ایک آدھ بات بھی اپنے حوالے سے سنی اور آپ نے دھیان دیا تو آپ کی پرفامنس متاثر ہو سکتی ہے۔
محمد رضوان نے کہا کہ سخت محنت کے بغیر کامیابی ممکن نہیں، ٹیم میں کچھ مختلف کرو گے تو سب سے الگ نظر آؤ گے۔
لٹن داس نے سوال کیا کہ اچھا کھیلتے کھیلتے اچانک فوکس آؤٹ ہو جاتا ہے جس پر رضوان نے کہا کہ اپنے آپ کو ایک چیز کے لیے تیار کر لو کہ میری زندگی میں 10 اننگز ایسی ہوں گی جن میں پھنسوں گا اور 10 ایسی اننگز ہوں گی جس میں 12 گیندوں پر 20 رنز چاہیے ہوں گے میں کر لوں گا، بڑا کھلاڑی ہو گا تو اس کا ذہن بالکل ٹھنڈا ہو گا اور وہ 10 میں سے 4 اننگز میں فلاپ ہو گا اور باقی میں اچھا کر کے دکھائے گا۔
Comments are closed.