کرکٹ کی وجہ سے تعلیم متاثر ہوئی، والد کہتے تھے میٹرک نہیں کر پاؤں گا، دھونی

مہندرا سنگھ دھو سے تقریب میں شریک طالبہ نے اسٹیج پر آکر سوال کیا کہ اسکول میں آپ کا پسندیدہ مضمون کیا تھا ؟ جس پر دھونی نے جواب دینے کے بجائے الٹا سوال ہی کر دیا کہ کیا اسپورٹس کو ہم بطور مضمون لے سکتے ہیں؟ جس پر تقریب میں شریک لوگ ہنسنے لگے

نئی دہلی : بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ کرکٹ کی وجہ سے تعلیم متاثر ہو رہی تھی اور والد کہتے تھے کہ میں میٹرک نہیں کر پاؤں گا۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی ایک تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ میں بہت ہی نارمل سا طالب علم تھا اور میرے والد کہتے تھے کہ میں میٹرک نہیں کر پاؤں گا۔

مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ میں نے ساتویں جماعت سے ہی کرکٹ کھیلنا شروع کر دی تھی جس کی وہ سے اکثر اسکول سے غیر حاضر رہتا تھا اور حاضری کم ہونے کی وجہ سے پڑھائی کا بھی حرج ہو رہا تھا۔

مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ میٹرک امتحانات کے بعد جب نتیجہ آیا تو میں نے 66 فیصد نمبرز لیے تھے جس پر نہ صرف میں بلکہ میرے والد بھی بہت خوش ہوئے۔ انٹر میں بھی میں نے 56 سے 57 فیصد نمبرز حاصل کیے تھے۔

سابق بھارتی کپتان سے تقریب میں شریک طالبہ نے اسٹیج پر آکر سوال کیا کہ اسکول میں آپ کا پسندیدہ مضمون کیا تھا ؟ جس پر دھونی نے جواب دینے کے بجائے الٹا سوال ہی کر دیا کہ کیا اسپورٹس کو ہم بطور مضمون لے سکتے ہیں؟ جس پر تقریب میں شریک لوگ ہنسنے لگے۔

Comments are closed.