اگر آپ نے تیاری نہیں کی تو ناکام ہونے کے لیے تیار ہو جاؤ، سنیل گواسکر

مجھے لگتا ہے کہ جسپریت بمراہ اور رویندرا جڈیجا کی غیر موجودگی میں موجودہ بھارتی ٹیم بھی کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر

سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کیخلاف اپنا پہلا میچ ہونے سے 3 ہفتے پہلے سے آسٹریلیا میں موجود ہے اور بھرپور تیاریاں کر رہی ہے، اس دوران بھارتی ٹیم نے بڑی ٹیموں کے خلاف پریکٹس میچز بھی کھیلے ہیں۔
سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے کہا کہ ایک بات تو یقینی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم اس بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ نہیں جیت پاتی تو یہ تیاریوں کی وجہ سے تو نہیں ہو سکتا، اگر آپ نے تیاری نہیں کی تو ناکام ہونے کے لیے تیار ہو جاؤ والا فارمولا بھارت پر اپلائے نہیں ہوگا کیونکہ بھارتی ٹیم نے ورلڈکپ کیلئے بھرپور تیاری کی ہے۔
سنیل گواسکر کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بھارتی ٹیم کی پرفارمنس دو طرفہ سیریز میں ہمیشہ سے ہی اچھی رہی ہے چاہے وہ ہوم گراؤنڈ پر ہو یا بیرون ملک ہو لیکن بلیو شرٹس نے حالیہ ملٹی نیشن ٹورنامنٹس میں اچھا پرفارم نہیں کیا کیونکہ بھارتی ٹیم نے ان ٹورنامنٹس کو آسان لیا تھا۔
سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ اس ٹیم کے ساتھ ایسا نہیں ہے، نوجوانوں اور تجربہ کار کھلاڑیوں کے امتزاج اور بھارتی کرکٹ فین کے ٹرافی جیت کر گھر لانے کی مثبت سوچ کے باوجود دیگر ٹیمیں بھی پریکٹس میچز کھیل کر اچھی تیاری میں ہیں اور بھارتی ٹیم کو روک سکتی ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ جسپریت بمراہ اور رویندرا جڈیجا کی غیر موجودگی میں موجودہ بھارتی ٹیم بھی کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

Comments are closed.