پی ایس ایل ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ اور سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈین جونز کمنڑی کے سلسلے میں بھارت میں موجود تھے، ان کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ وہ پی ایس ایل کی مایہ ناز ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ بھی تھے، اس سے قبل وہ اسلام آباد یونائٹڈ کے کوچ کے فرائض بھی سرانجام دیتے رہے۔
سابق آسٹریلوی کھلاڑی اور کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز چل بسے، وہ ان دنوں بھارتی شہر ممبئی میں تھے جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا، ڈین جونز کی عمر 59 سال تھی۔ ڈین جونز 1961 میں ملبورن میں پیدا ہوئے، انہوں نے 16 مارچ 1984 کو ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔
ڈین جونز 1987 میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم حصہ تھے۔ انہوں نے 52 ٹیسٹ میں 3631 رنز بنائے جس میں 11 سنچریز شامل ہیں جب کہ انہوں نے 164 ایک روزہ میچز کھیلے جس میں 6063 رنز بنائے جس میں 7 سنچریز اور 46 نصف سنچریز شامل ہیں۔
آسٹریلوی کھلاڑی ڈین جونز کو پاکستان کرکٹ سے بھی خاص لگاؤ تھا، پاکستان سپر لیگ میں نہ صرف انہوں نے کوچنگ کے فرائض انجام دیے بلکہ متعدد بار پاکستان کا دورہ کرکے بین الاقوامی ٹیموں کو پیغام بھی دیا کہ پاکستان پرامن اور کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے۔
Comments are closed.