میلبرن:باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 79 رنز سے شکست دیدی۔
چوتھے روز کینگروز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تاہم ایلکس کیری اور مچل اسٹارک 22 رنز کا اضافہ کرسکے اور207 کے مجموعے پر 7ویں وکٹ گرگئی، کپتان پیٹ کمنز 16 جبکہ نتھین لائن ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔ ایلکس کیری نے 53 رنز کی اننگز کھیل کر آسٹریلیا کی برتری 317 رنز تک پہنچا دی تھی۔
دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم محض 84.1 اوورز میں 262 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی،پاکستان کو میلبرن ٹیسٹ میں کامیابی کیلئے 317 رنز کا ہدف ملا تاہم پاکستان کی پوری ٹیم چوتھے روز دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 237 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان شان مسعود نے 60 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ امام الحق اور عبداللہ شفیق بالترتیب 12 اور 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم 41 اور سعود شکیل 24، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔
محمد رضوان اور سلمان آغا نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم رضوان 35 رنز بناکر پیٹ کمنز کا شکار ہوئے۔ سلمان آغا 50 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل سکے،آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 5 جبکہ مچل اسٹارک 4 اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا نے 0-2 کی برتری حاصل کرلی ہے، سیریز کا اگلا میچ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں شیڈول ہے۔
Comments are closed.