پاکستان نے سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے دی

سہ ملکی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 31 رنز سے شکست دے دی۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز بنائے۔ اوپنر صائم ایوب نے شاندار 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حسن نواز 56 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔ محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 16 رنز بنائے۔ تاہم پاکستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

یو اے ای کی جانب سے جنید صدیقی اور صغیر خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حیدر علی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

یو اے ای کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنا سکی۔ یو اے ای کے کپتان محمد وسیم 33 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ محمد زوہیب 13 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ دیگر بیٹرز میں ایتھان ڈی سونڈا اور علی شان شرفو 3،3، راہول چوپڑا 11، دھرو پرشار 15 اور صغیر خان 11 رنز بنا سکے۔

یو اے ای کی جانب سے سب سے نمایاں کارکردگی آصف خان نے دکھائی، جنہوں نے جارحانہ انداز میں 77 رنز اسکور کیے مگر ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے۔

پاکستانی باؤلرز کی کارکردگی

پاکستان کی جانب سے حسن علی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد نواز نے 2 جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی پوزیشن

واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 39 رنز سے شکست دی تھی اور پوائنٹس ٹیبل پر پہلے ہی اپنی برتری قائم کر رکھی تھی۔ یو اے ای کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان مزید مستحکم پوزیشن میں آگیا ہے۔

Comments are closed.