پاک بھارت ٹیسٹ سیریز ہوگی یا نہیں؟ بی سی سی آئی عہدیدار کا بیان سامنے آگیا
جب تک حکومت کی جانب سے منظوری نہیں دی جاتی تب تک پاک بھارت میچز صرف آئی سی سی ایونٹس اور ایشیا کپ تک ہی محدود رہیں گے،بی سی سی آئی حکام
بھارتی کرکٹ بورڈ کے سینئر عہدیدار نے پاک بھارت باہمی سیریز کو سفارتی تعلقات میں بہتری سے مشروط قرار دے دیا۔
گزشتہ روز سابق آسٹریلوی کرکٹر سائمن او ڈانل نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت آسٹریلیا میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے اس امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک حکومت کی جانب سے منظوری نہیں دی جاتی تب تک پاک بھارت میچز صرف آئی سی سی ایونٹس اور ایشیا کپ تک ہی محدود رہیں گے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس وقت اس حوالے سے کوئی بات چیت نہیں ہورہی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے دبئی میں اے سی سی کے اجلاس کے دوران سہ ملکی سیریز کی تجویز دی تھی لیکن ہماری حکومت نے اس پر کسی قسم کی رضامندی ظاہر نہیں کی۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کےعہدیداد کا دو ٹوک انداز میں کہنا تھا کہ فی الحال جب تک دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات بہتر نہیں ہوتے تب آئی سی سی ایونٹس کے علاوہ کوئی ٹیسٹ یا سہ فریقی سیریز نہیں ہوگی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ پاک بھارت ٹیسٹ سیریز سے متعلق آسٹریلیا میں بات چیت کے ہونےکا علم نہیں ہے، ایسی خبر کوئی بھی دے سکتا ہے لیکن ایسا کوئی پلان نہیں، فیوچر ٹور پروگرام میں تو ایسی کوئی گنجائش بھی نہیں رکھی گئی، آنے والے دنوں کے شیڈول کا اعلان بھی ہو چکا ہے۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 23 اکتوبر کو پاک بھارت میچ میں شائقین کرکٹ کی تعداد 90 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی اور مختلف حلقوں سے دونوں ملکوں کے درمیان نیوٹرل وینیو پر تین ملکی سیریز یا ٹیسٹ سیرز کے انعقاد کی خبریں سامنے آئی تھی جسے اب دونوں ملکوں کی جانب سے لاعلمی کا اظہار کیا گیا ہے۔
Comments are closed.