پاکستانی فٹبالر امان اللہ رؤف بلوچ ناروے میں پراسرار طور پر لاپتہ

لاہور/اوسلو: پاکستانی نوجوان فٹبالر امان اللہ رؤف بلوچ ناروے میں جاری ناروے کپ اسٹریٹ فٹبال چیمپئن شپ کے دوران پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے ہیں۔

نوجوان کھلاڑی مسلم ہینڈز کی نمائندگی کے لیے ناروے پہنچے تھے لیکن ٹورنامنٹ کے پہلے روز سے ہی اُن کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

ذرائع کے مطابق امان اللہ نے ٹورنامنٹ کے کسی بھی میچ میں شرکت نہیں کی اور ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ ہوٹل میں قیام کے دوران ہی لاپتہ ہو گئے۔ مقامی حکام کو اطلاع دے دی گئی ہے اور امان اللہ کی تلاش جاری ہے۔ ابھی تک ان کی گمشدگی کی وجہ یا ممکنہ مقام کے حوالے سے کوئی مصدقہ اطلاع سامنے نہیں آئی۔

فٹبال حلقوں اور سوشل میڈیا پر اس واقعے کے بعد شدید تشویش پائی جا رہی ہے، اور لوگوں نے پاکستانی سفارت خانے سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیم کے کوچ اور انتظامیہ بھی اس معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، جس سے قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئی ہیں۔

ناروے میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے بھی اس معاملے میں دلچسپی ظاہر کی ہے اور مقامی سطح پر امان اللہ کی بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

Comments are closed.