نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے 17 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ انگوٹھے کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے کپتان بابراعظم ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ سے بھی باہر ہوگئے، پہلے میچ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی محمد رضوان کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بابر اعظم کی عدم شمولیت پاکستان ٹیم کے لئے بڑا دھچکا ہے، گزشتہ ہفتے کوئنزٹاؤن میں ٹریننگ کے دوران گیند لگنے سے بابراعظم کے دائیں ہاتھ کا انگوٹھا جبکہ امام الحق کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا فریکچر ہوگیا تھا، بابراعظم کی عدم دستیابی کے باعث اسکواڈ کے نائب کپتان محمد رضوان ہفتے سے شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلامیچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ منگنوئی میں شروع ہوگا، رضوان کرکٹ کے سب سے اہم فارمیٹ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے 33 ویں کپتان ہوں گے، ٹیم میں سرفراز احمد، شاداب خان، عابد علی، اظہرعلی، شان مسعود، فواد عالم، سہیل خان، یاسر شاہ، محمد عباس، عمران بٹ، حارث سہیل، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز ہارنے پرمایوسی ہے، اپنی انفرادی اور ٹیم کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے صلاحیتوں میں نکھارلانے کی ضرورت ہے اور جتنی جلدی ہم ان شعبوں میں بہتری لے آئیں گے اتنا ہی ہمارے لیے بہتر ہوگا کیونکہ 2021 مصروف ترین سال ہے اور اس سال ہمیں 2 بڑے ایونٹس میں بھی شرکت کرنی ہے۔
ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی اسکواڈ کے برعکس ہمارا ٹیسٹ اسکواڈ قدرے تجربہ کار ہے، ہمارے پاس تجربہ کار فاسٹ باؤلرز اور بیٹسمین موجود ہیں، مجھے امید ہے کہ ہم طویل طرز کی کرکٹ میں اچھا کھیل پیش کریں گے،مصباح الحق نے کہا کہ بلاشبہ پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز کے موقع پر بابراعظم کی انجری کو تقریباَدو ہفتے گزر چکے ہوں گے۔
بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیٹ سیشنز کے بغیر میچ کے لیے واپسی ان کے اور ٹیم دونوں کے لیےایک سخت فیصلہ ہوگا، مجھے دیگر کھلاڑیوں پر اعتماد ہے کہ وہ ٹی ٹونٹی سیریز کی ناکامی کو پس پشت ڈال کر ٹیسٹ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
Comments are closed.