پاکستان کی سنسنی خیز فتح، سری لنکا کو پہلے ون ڈے میں 6 رنز سے شکست

پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں شاندار مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ سلمان آغا کی شاندار سنچری اور حارث رؤف کی تباہ کن باؤلنگ ٹیم کی کامیابی کا سبب بنیں۔

پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز اور مشکلات

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ اوپنرز صائم ایوب اور فخر زمان نے اننگ کا آغاز کیا مگر صائم صرف 6 رنز بنا کر جلد آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان نے 32 رنز جوڑے جبکہ کپتان بابر اعظم 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد رضوان صرف 5 رنز بنا سکے، جس سے پاکستان کی ٹیم 95 رنز پر 4 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

سلمان آغا کی ذمہ دارانہ سنچری

مشکل صورتحال میں سلمان آغا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اننگ کو سنبھالا۔ انہوں نے 105 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔ حسین طلعت نے 62 اور محمد نواز نے 36 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے وانندو ہاسارنگا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہیش تھکشنا اور اسیتھا فرنینڈو نے ایک، ایک وکٹ لی۔

سری لنکا کا تعاقب

تین سو 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی لیکن مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 293 رنز ہی بنا سکی۔ وانندو ہاسارنگا 59، سدیرا سماراوکرما 39، کامل مشارا 38 اور کپتان کیرتھ اسالنکا 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی

پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے 2،2 جبکہ محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

فتح کے بعد سیریز میں برتری

اس کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ دوسرا میچ دو روز بعد لاہور میں کھیلا جائے گا جہاں سری لنکن ٹیم واپسی کی کوشش کرے گی۔

Comments are closed.