اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبداللہ خان سنبل نے ڈومیسٹک کرکٹ پر بریفنگ دی اور اسکول کرکٹ سے متعلق اقدامات پر آگاہ کیا گیا ۔
وزیراعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت کام کرنے والی تنظیم سی پی سی اے کے تیار کردہ ماڈل کی تعریف کی اور ڈومیسٹک اور اسکول کرکٹ فریم ورک کی منظوری دی۔
وزیراعظم نے 15 ستمبر سے وسطی پنجاب میں شروع ہونے والی اسکول کرکٹ چیمپئن شپ میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ اسکول کرکٹ میں حقیقی کرکٹ کے ٹیلنٹ پیدا کرنے اور ان کو تیار کرنے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ احسان مانی کی بطورچیئرمین پی سی بی کرکٹ کے لیے خدمات پر انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پہلی دفعہ علاقائی کرکٹ کا ڈھانچہ تشکیل دینے اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں احسان مانی کا کردار قابل تعریف ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ پنجاب میں اسکول کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کا جائزہ لے کر بہت خوشی ہوئی، پنجاب میں 870 سکولز، 231 کالج گراونڈ اور 355 کھیلوں کی سہولیات تعمیر کی گئی ہیں، تمام صوبوں کوکہتا ہوں کھیلوں کی بحالی اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات دینے پر توجہ مرکوز کریں۔
Comments are closed.