پی ایس ایل 8، ملتان نے کوئٹہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

ملتان : ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل 8 کے تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 18.5 اوورز میں 110 سکور پر ڈھیر ہوگئی، ملتان سلطانز نے مقررہ ہدف 13.3 اوورز میں بآسانی حاصل کرلیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں شان مسعود اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ دوسرے اوور کی پہلی گیند پر ہی شان مسعود نوان توشارا کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان اور ریلی روسو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا اور ٹیم کو فتح دلوائی، محمد رضوان نے 34 گیندوں پر 28 رنز جبکہ ریلی روسو نے 3 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 78 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ملتان سلطانز کیخلاف مارٹن گپٹل اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا مگر یہ پارٹنر شپ زیادہ دیر تک نہ چل سکی، مارٹن گپٹل دوسرے اوور کی پانچویں گیند پر ہی 7 سکور بنا کر سمین گل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ چوتھے اوور کی پہلی گیند پر عبدالواحد 6 گیندوں پر صرف ایک سکور بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 7 گیندوں پر صرف 2 سکور بنا کر احسان اللہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

جیسن روئے ایک چھکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 18 گیندوں پر 27 سکور بنا کر احسان اللہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ افتخار احمد پہلی گیند پر ہی ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ محمد نواز 18 گیندوں پر 14 سکور بنا کر اسامہ میر کی گیند پر جبکہ عمر اکمل 17 گیندوں پر 11 سکور بنا کر احسان اللہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ نسیم شاہ دوسری گیند پر ہی احسان اللہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ محمد حفیظ 15 گیندوں پر 18 سکورجبکہ محمد حسنین 20 گیندوں پر 22 سکور بنا کر آؤٹ ہوگئے، ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 12 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان سپرلیگ کے 8ویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی تھی۔

ملتان سلطانز کو پہلے میچ میں لاہور قلندرز سے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Comments are closed.