ملتان سلطان کو سپر اوور میں شکست، کراچی کنگز فائنل میں پہنچ گئی

پاکستان سپر لیگ کے  پہلے کوالیفائر میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں کراچی کنگز ملتان سلطانز  کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی،کراچی کنگز پہلی بارپی ایس ایل کا فائنل کھیلے گی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل فائیو کے پہلے کوالیفائر میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا میچ مقرر بیس  اوورز کے ا ختتام  پر  ٹائی ہوگیا، ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 141 رنز بنائے جب کہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز  بھی  141 رنز ہی  بناسکی۔  

 سپراوور میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کےلیے 14 رنزکا ہدف دیا لیکن ملتان سلطانز کی ٹیم صرف 9 رنز ہی بناسکی اور کراچی کنگز میچ 4 رنز سے جیت کر فائنل میں پہنچ گئی ۔

سپر اوور سے پہلے کوالیفائر ون میں کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم 65 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، کپتان عماد وسیم 27 جب کہ ہیلز نے 22 رنز بنائے۔ ملتان سلطان کے سہیل تنویر نے  تین وکٹیں  حاصل کیں۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز کے روی بوپارہ 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکور اور سہیل تنویر 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

 دوسرا کوالفائیر پشاورزلمی اور لاہور قلندرزکے درمیان کھیلا جا رہاہے،جیتے والی ٹیم ملتان سلطان کیساتھ میچ کھیلے گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں کراچی کنگر کے مد مقابل ہوگی،یوں ایونٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والی ملتان سلطان کے پاس اب بھی فائنل میں پہنچنے کا ایک موقع موجود ہے ۔

 میچ  سے قبل آنجہانی کوچ ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، ان کی تصویر لگا کر احترام میں خاموشی اختیار کی گئی، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں جمع ہوکر ڈین جونز کے نام کا پہلا حرف ڈی بنایا، اور سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ ارچ میں پی ایس ایل فائیوکا لیگ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد پلے آف میچز کورونا وائرس کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگئے تھے، اب  آٹھ  ماہ بعد ایونٹ کے چیمپئن کا  فیصلہ  گراونڈ  میں ہوگا۔

Comments are closed.