قلندرز نے کوئٹہ کا خواب چکنا چور کر دیا، 202 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل

لاہور: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے ایونٹ کے سنسنی خیز فائنل میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 202 رنز کا ہدف آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کوشال پریرا 62 اور سکندر رضا 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔

قلندرز کی اننگز کا آغاز فخر زمان اور محمد نعیم نے کیا۔ اگرچہ ابتدا محتاط تھی، تاہم 39 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان 11 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ محمد نعیم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 46 رنز بنائے، جبکہ عبداللہ شفیق 41، راجہ پاکسا 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ کی جانب سے محمد عامر، فہیم اشرف اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، تاہم بولرز لاہور کی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں لانے میں ناکام رہے۔

اس سے قبل، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 201 رنز بنائے۔ اوپنر سعود شکیل صرف 4 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، جبکہ فن الین 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رلی روسو نے 22، اویشکا فرنانڈو نے 29، اور دنیش چندیمل نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ کی جانب سے سب سے نمایاں بیٹنگ حسن نواز کی رہی جنہوں نے 76 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

لاہور کے بولرز نے متوازن کارکردگی دکھائی، شاہین شاہ آفریدی نے 3، حارث رؤف اور عثمان مرزا نے 2،2 جبکہ سکندر رضا اور راشد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوشال پریرا کی جرات مندانہ بیٹنگ اور سکندر رضا کی تحمل مزاجی نے لاہور کو فائنل جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرنے میں مدد دی۔ یہ میچ شائقین کے لیے ناقابلِ فراموش لمحات لے کر آیا۔

Comments are closed.