کیپ ٹاؤن: ورلڈ نمبر ون پاکستان مسلسل نو میچ جیتنے کے بعد دسواں مقابلہ ہار گیا ۔جنوبی افریقہ نے پہلے ٹی 20 میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو چھ رنزسے ہرا دیا ۔ 192 رنز کے جواب میں گرین شرٹس 186 رنز بنا سکے۔
فیلڈنگ میں چار کیچ اور دو رن آؤٹ کرنے والے ڈیوڈ ملر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ تین میچ کی سیریز میں میزبان ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے ۔ دوسرا جوڑ کل جوہانسبرگ میں پڑے گا
کیپ ٹاؤن میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس نے مقررہ بیس اوور میں 6 وکٹ پر 192 رنز کا بڑا ٹوٹل اسکور بورڈ پر لگا دیا۔کپتان فاف ڈو پلیسز نے صرف 45 گیندوں پر 78 اور ہینڈرکس نے 41 گیندوں پر 74 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
قومی ٹیم کی جانب سے عثمان شنواری نے تین، عماد وسیم ، حسن علی ، اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں شاہین 9 وکٹ پر 186 رنز بنا سکے، کپتان شعیب ملک 49،حسین طلعت 40 اور بابر اعظم 38 رنز کیساتھ مزاحمت کرسکے۔
پروٹیز کی جانب سے ہینڈرکس ، مورس اور شمسی نے دو دو وکٹ حاصل کیں۔ فیلڈ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ڈیوڈ ملر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ملر نے نہ صرف چار کیچ تھامے بلکہ دو رن آؤٹ بھی کیے۔
پاکستان اور ساؤتھ افریقا کے درمیان ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ کل جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.