نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم 297 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے دوسرے روز کے اختتام تک 3 وکٹ پر 286 رنز بنالیے ہیں۔
کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول میں کھیلے جارہے میچ کے پہلے دن قومی ٹیم 297 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی ۔دوسرے روز کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 112 اور ہینری نکولس 89 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹام لیتھم 33، ٹام بلنڈل 16 اور راس ٹیلر 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم کپتان کین ولیمسن نے مسلسل دوسری اور ٹیسٹ کریئر کی 24ویں سنچری اسکور کی۔ ہینری نکولس نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی توقومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر ناکام ثابت ہوا، شان مسعود صفر، عابد علی 25، حارث سہیل 1 رنز بناکر پویلین لو ٹ گئے ، گزشتہ میچ کے سنچری میکر فواد عالم بھی صرف 2 رنز بنا سکے ۔
کپتان محمد رضوان اور اظہر علی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم اظہر علی 93 رنز پر آؤٹ ہوگئے ، محمد رضوان نے 61 رنز کی اننگز کھیلی۔ فہیم اشرف نے 48 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ظفر گوہر نے 34 رنز اسکور کیے۔نیوزی لینڈ کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔
Comments are closed.