سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے میزبان ملائیشیا کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد 5-4گولز سے شکست دے کر ایونٹ کا جاندار آغاز کیا، ابومحمود نے میچ کے آخری منٹ میں گول کر کے ٹیم کو فتح دلوائی،سفیان خان نے شاندار ہیٹرک کر کے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ہفتہ کو ملائیشیا کے شہرہ ایپوہ میں شروع ہونے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے 30ویں ایڈیشن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں پاکستانی ٹیم نے میدان مار لیا،
پاکستانی ڈریگ فلکر سفیان خان نے پہلے کواٹر کے 9ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی تاہم چار منٹ بعد ہی ملائیشین کھلاڑی ابوکمال اظرائے نے گول کر کے مقابلہ 1-1گول سے برابر کر دیا، دوسرے کواٹر کے 28ویں منٹ میں میزبان ٹیم کے ابو کمال اظرائے نے دوسرا گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی، تیسرے کواٹر فائنل میں بھی ملائیشیا کا پلہ بھاری رہا اور ابو کمال اظرائے نے شاندار ہیٹرک کر کے ٹیم کو 3-1گولز کی برتری دلا دی،
آخری کواٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کوآیا، پاکستان کے سفیان خان نے 50ویں اور ذکریا حیات نے 53ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر یکے بعد دیگرے دو گولز کر کے مقابلہ 3-3گولز سے برابر کر دیا،59ویں منٹ میں ملائیشیا کے شیلوسلوریس نے گول کر کے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو برتری دلائی تاہم اسی منٹ میں سفیان خان نےنہ صرف شاندار ہیٹرک مکمل کی بلکہ مقابلہ بھی 4-4گولز سے برابر کر دیا، میچ کے آخری منٹ میں پاکستان کے ابومحمود نے پنالٹی کارنر پر شاندار گول کر کے ٹیم کو فتح دلوائی۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا میچ کل اتوار کو جنوبی کوریا کے خلاف کھیلےگا۔
Comments are closed.