لاہور : قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا ۔
وکٹ کیپر محمد رضوان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 64 گیندوں پر سنچری مکمل کی، محمد رضوان نے سات چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم صرف ایک رن پر رن آؤٹ ہوگئے تھے ۔
جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز جینمن ملن اور ریزا ہینڈرکس نے کیا، دونوں اوپنرز نے 53 رنز کی شراکت قائم کی تاہم 44 کے انفرادی اسکور پر جینمن ملن عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد عثمان قادر نے جیکوس سینائمن کو بھی پویلین بھیج دیا۔
اوپنر ریزا ہینڈرکس نے قومی ٹیم کے خلاف مزاحمت کی کوشش کی اور 54 رنز بنائے تاہم انہیں محمد رضوان نے رن آؤٹ کردیا اس کے بعد جنوبی افریقا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور مہمان ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکی۔ 3 میچوں کی سیریز میں پاکستان نے 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
Comments are closed.