ٹی ٹونٹی ورلڈکپ:پاکستان نے نیدرلینڈر کوہرا کر پہلی جیت حاصل کرلی
نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ اوورز میں 91 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 92 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 14 ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا
پرتھ: ٹی 20 ورلڈکپ پاکستان نے نیدرلینڈز کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے میں پہلی کامیابی حاصل کر لی۔پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ پرتھ کے میدان میں کھیلا گیا۔ نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ اوورز میں 91 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 92 رنز کا ہدف دیا۔ جس کے تعاقب میں پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 14 ویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا۔
نیدرلینڈز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم میدان میں اترے لیکن اس بار بھی بابر اعظم کی بیٹنگ ناکام رہی اور وہ صرف 5 بالز پر 4 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
ان کے بعد آنے والے کھلاڑی فخر زمان بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 16 بالز پر 20 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے۔اوپنر آنے والے بیٹر محمد رضوان نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم 83 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان بھی پویلیئن لوٹ گئے۔ انہوں نے 39 گیندوں پر 49 رنز بنائے۔
افتخار احمد نے 5 گیندوں پر 6 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جبکہ شاداب خان نے 2 گیندوں پر 4 رنز بنائے اور چکا مار کر پاکستان کو فتح دلائی۔پاکستان نے 7 رنز کے مجموعی اسکور پر نیدرلینڈز کا پہلا کھلاڑی آؤٹ کر دیا۔ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر مائی برگ 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
نیدرلینڈز کا دوسرا کھلاڑی شاداب خان کا شکار ہوا اور 19 کے مجموعی رنز پر ٹام کوپر آؤٹ ہوا۔ حارث رؤف کی تیز رفتار گیند منہ پر لگنے سے نیدرلینڈز کا بیٹر باس ڈیلیڈا زخمی بھی ہوا۔ نیدرلینڈز نے 8 اوورز میں 26 رنز اور ان کا تیسرا کھلاڑی میکس او ڈاؤڈ 13 بالز پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گیا۔
شاداب خان نے میچ کی چوتھی وکٹ ولن ایکرمین کو آؤٹ کر کے حاصل کی۔ نسیم شاہ نے اسکاٹ ایڈورڈ کو شکار کر کے میچ کی پانچویں وکٹ لی۔ حارث رؤف نے رولوف وین ڈیرمروی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد محمد وسیم نے ٹم پرنگل کو آؤٹ کر کے یکے بعد دیگرے فریڈ کلاسن کی وکٹ بھی لی۔ نسیم شاہ نے میچ کی آخری گیند پر پال وین میکرین کو آؤٹ کیا۔
قومی ٹیم میں حیدر علی کی جگہ فخر زمان کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتا تو پہلے بیٹنگ کرتا۔بھارت اور زمبابوے سے آخری گیند پر میچ ہارنے والی ٹیم کو ورلڈ کپ میں پہلی جیت کی تلاش ہے۔
Comments are closed.