ٹی 20 ورلڈ کپ، پی سی بی کا ایک بار پھر میتھیو ہیڈن کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے ایک بار پھر آسٹریلوی بلے باز میتھیو ہیڈن کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی سے کرکٹ کے لیے دو بار بات کی، گنگولی نے آئی پی ایل دیکھنے کی دعوت دی، سوچا بھارت گیا تو فینز تنقید کریں گے ۔ چلا جاتا تو شاید کرکٹ کا بھلا ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی مٹی جولائی میں آ رہی ہے ۔ ایک سو سات گراؤنڈز میں ہم نے نئی پچز بنائی ہیں ۔ کلب کرکٹ کی بہتری کے لئے پچز میں مصنوعی گھاس دبئی سے لگوائیں گے۔

رمیز راجہ نے بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے کھلاڑیوں کے مشاہرہ میں اضافہ کر دیا گیا ہے، مینز سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد 20 سے بڑھا کر 33 کردی گئی ہے ساتھ ہی ہم سینٹرل کنٹریکٹ میں پہلی بار ریڈ بال اور وائٹ بال متعارف کرا رہے ہیں، چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ورلڈ کپ ٹی 20 میں ٹیم بدلنا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، ورلڈ کپ میں بھارت کو ہرانے سے ٹیم کی کمرشل ویلیو میں اضافہ ہوا، رمیز راجہ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم بدلنے سے چیئرمین کی تبدیلی روایت ہے تو یہ ٹھیک روایت نہیں۔

Comments are closed.