سہ ملکی سیریز کا فائنل: شاہینوں کی شاندار بولنگ، افغانستان کو 75 رنز سے شکست

شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی اننگز کا آغاز اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا، مگر یہ شراکت سود مند ثابت نہ ہوئی۔ صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ صائم ایوب نے 17 رنز اسکور کیے۔
فخر زمان نے 27 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ بھی ٹیم کو بڑے اسکور کی طرف نہ لے جا سکے۔ دیگر بلے بازوں میں حسن نواز نے 15، محمد حارث نے 2، کپتان سلمان علی آغا نے 24، محمد نواز نے 25 اور فہیم اشرف نے 15 رنز اسکور کیے۔

افغانستان کی بیٹنگ

142 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹک سکی اور محض 66 رنز بنا کر 16ویں اوور میں آل آؤٹ ہوگئی۔ کپتان راشد خان نے 17 اور صدیق اللہ اٹل نے 13 رنز بنائے، تاہم باقی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔

پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی

پاکستان کے محمد نواز نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 2، 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ شاندار بولنگ کے باعث پاکستان نے یہ میچ یکطرفہ انداز میں 75 رنز سے جیت کر سہ ملکی سیریز اپنے نام کرلی۔

کامیابی اور سیریز کی اہمیت

اس فتح کے ساتھ پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں شاندار انداز میں ٹرافی اپنے نام کی۔ شاہینوں کی بولنگ کارکردگی کو کرکٹ شائقین نے خوب سراہا اور ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے۔

Comments are closed.