انڈر16 کرکٹ اسٹارزٹورنامنٹ:سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو اننگز اور79رنز سے شکست

محمود احمد

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام جاری انڈر 16 کرکٹ اسٹارز ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب نے بلوچستان کو اننگز اور 79 رنز سے ہرا دیا،تین روزہ میچ کا ڈیڑھ ہی دن میں اختتام پذیر ہو گیا۔

شالیمار کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں سنٹرل پنجاب کے کپتان علی اسفند نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا،سنٹرل پنجاب کے بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 80 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز اسکور کیے۔

اوپنر آزان اویس نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 78 رنز سکور کیے جبکہ رافع رانا 50 ناٹ آئوٹ کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز تھے،جواب میں بلوچستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 57 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی۔

بلوچستان کے 8 بلے باز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے، فالو آن کے بعد بلوچستان کے بیٹسمین دوسری اننگرز میں بھی قابل ذکر کاکردگی نہ دکھا سکے اور ٹیم بلوچستان دوسری اننگز میں بھی صرف 132 رنز ہی بنا سکی۔

سنٹرل پنجاب کے ارحم نواب نے پہلی اننگز 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ علی اسفند نے دوسری اننگز میں بلوچستان کے  6 بلے بازوں کو پولین کی راہ دکھائی۔

Comments are closed.