دبئی : زمبابوے کرکٹ کے معاملات میں حکومتی مداخلت کو وجہ بنا کر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے زمبابوے کی رکنیت کو فوری طور پر معطل کردیا ہے۔
زمبابوے کرکٹ میں ایک عرصے سے حکومتی مداخلت کا سلسلہ جاری تھا جس سے ٹیم کی کارکردگی ایک عرصے سے تنزلی کا شکار تھی اور وہ ورلڈ کپ 2019 کے لیے بھی کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔
بورڈ کے معاملات میں حکومتی مداخلت کو رواں سال جون میں باقاعدہ آئینی شکل دی گئی جس کے تحت پورے کرکٹ بورڈ اور اس کے ایم ڈی کو معطل کر دیا گیا تھا اور اسی امر کو دیکھتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے زمبابوے کی رکنیت معطل کی۔
اس بات کا فیصلہ لندن میں ہونے والی آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس میں کیا گیا جس میں چند نئے قوانین اور ضوابط بھی متعارف کرائے گئے جن کا اطلاق رواں سال سے ہوگا۔ زمبابوین کرکٹ نے بورڈ میں حکومتی مداخلت کے حوالے سے آئی سی سی کے قانون کے آرٹیکل 2.4 کے سیکشن سی اور ڈی کی مخالفت کی۔
رکنیت کی معطلی کے سبب آئی سی سی کی جانب سے زمبابوے کو دی جانے والی مالی معاونت اور فنڈنگ بھی منجمد کردی گئی ہے، جبکہ ٹیم اور اس کے اراکین کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔آئی سی سی کی جانب سے ممکنہ طور پر فنڈز اس لیے روکے گئے ہیں کیونکہ کھیل کی عالمی گورننگ باڈی کو خطرہ تھا کہ یہ فنڈز زمبابوین حکومت کو نہ منتقل کر دیئے جائیں۔
Comments are closed.