لندن: جدید ٹیکنالوجی کو سات پیشوں کیلئے خطرہ قرار دے دیا گیا ہے۔ مصنف جون پگلیانو نے اپنی تھیوری میں کہا کہ ٹیکنالوجی میں جدت کے ساتھ عام ڈاکٹرز، وکیلوں، آرکیٹیکٹ، ٹیکس کنسلٹنٹس اور پائلٹس کی اہمیت کم ہو جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ نگرانی یا جاسوسی بھی مختلف سافٹ ویئرز اور آلات کے ذریعے ممکن ہوگی۔
تھیوری میں کہا گیا ہے کہ آئندہ چند برسوں میں طب کے بعض شعبے بیماری کی ازخود تشخیص کے نتیجے میں خطرے سے دو چار ہوںگے۔ تاہم ڈاکٹر، سرجنز اورتربیت یافتہ طبی معاون کی ایمرجنسی روم میں ضرورت رہے گی۔ دستاویزات کی جانچ پڑتال اور ان جیسے دوسرے معمول کے کاموں کیلئے وکیلوں کی ضرورت بھی کم ہوگی، ایسے کاموں کیلئے کمپیوٹرسافٹ ویئر کا استعمال ہوگا۔
جون پگلیانو کے مطابق فن تعمیر میں صرف تخلیقی ملازمتیں بچ جائیں گی، عام اور سادہ عمارت کے ڈیزائن سافٹ ویئر کی مدد سے تیار کئے جانے لگے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیکس کے پیچیدہ مسائل کو حل کرنے والے صرف اکاؤنٹنٹ ہی بچیں گے۔ ڈرونز نے پائلٹ کا وجود ختم کردیا ہےاورآئندہ وقت میں جنگی جہاز بغیر پائلٹ ہی جایا کرینگےتاہم کمرشل پروازوں کیلئے پائلٹس کی ضرورت رہے گی۔
تھیوری کے مطابق نگرانی کا کام ٹیکنالوجی کرنے لگی ہے جو کہ روایتی طور پر پولیس یا جاسوس کیا کرتے ہیں۔ خریدو فروخت کے دوسرے شعبوں کی طرح زمین اورمکان کی خریدوفروخت ویب سائٹس کے ذریعے ہوا کرے گی۔ پگلیانو کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کے سبب جہاں کچھ پیشوں کی بنیاد ختم ہو جائے گی وہیں دوسری جانب مواقع پیدا ہوں گے۔
Comments are closed.