مسئلہ کشمیرکا حل فوجی نہیں،سہ فریقی مذاکرات ہے، کجیل میگنے بونڈوک

اسلام آباد: ناروے کے سابق وزیراعظم کجیل میگنے بونڈوک کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا فوجی حل نہیں بلکہ پاکستان ، بھارت اور کشمیریوں کے مذاکرات ہی اس تنازعہ کا دیرپا حل ہیں۔ کہتے ہیں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گٹریس سے ملاقات کر کے کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کریں گے، اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل کیلئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ مشعال ملک نے چھ سال بعد کسی غیرملکی شخصیت کے مقبوضہ وادی کے دورہ کو کشمیریوں کیلئے امید کی کِرن قرار دیا ہے۔

 ناروے کے سابق وزیراعظم کجیل میگنے بونڈوک نے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پرمشعال ملک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئے روز کشمیریوں کی لاشیں گر رہی ہیں۔ مقبوضہ وادی میں گزشتہ تین روز کے دوران 20 شہادتیں ہوچکی ہیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ اوسلو سنٹر اور ناروے کے سابق وزیراعظم کجیل میگنے بونڈوک کا دنیا میں امن کے لئے اہم کردار ہے۔ گزشتہ چھ برسوں کے دوران کجیل میگنے بانڈویک وہ واحد شخصیت ہیں جو مقبوضہ کشمیر جانے میں کامیاب ہوئے۔ مشعال ملک نے کہا کہ کجیل میگنے بونڈوک کا مقبوضہ کشمیر جانا انتہائی دلیرانہ اقدام ہے۔ ان کا یہ دورہ کشمیریوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

ناروے کے سابق وزیراعظم کجیل میگنے بونڈوک نے کہا کہ دنیا شام اور فلسطین کی بات تو کرتی ہے لیکن کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات نہیں ہوتی۔ ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا جہاں پر حالات بہت خراب ہیں، مقبوضہ کشمیر کےعوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ اور آزاد کشمیر کے خاندانوں کو ایک دوسرے سے ملنے کی آزادی ہونی چاہیے۔

کجیل میگنے بونڈوک نے بتایا کہ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت، مزاحمتی تحریک کے رہنماؤں، مختلف تنظیموں کے نمائندوں اورحکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔ جب کہ نظربند حریت رہنما سید علی گیلانی سے بھی ملے اور مسئلہ کشمیر کے حل سے متعلق امور پر بات چیت کی۔

ناروے کے سابق وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل فوجی نہیں بلکہ پاکستان، بھارت کو بات چیت کے ذریعے کشمیر کے مسئلے کا دیرپا حل نکالنا ہوگا۔ اور مذاکرات میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ کشمیری قیادت اورعوام کو بھی شامل کیا۔ بھارتی حکام سے ملاقات کی ہے لیکن بھارت کے عام انتخابات کے بعد اس معاملے پر پیشرفت متوقع ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ وہ واپسی پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کر کے کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ اقوام متحدہ مسئلے کے دیرپا حل کیلئے موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

مشعال ملک اور کجیل میگنے بونڈوک نے ناروے میں مقیم سینئر پاکستانی صحافی عامرجاوید شیخ کی مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے کردار کو سراہا۔

Comments are closed.