اقوام متحدہ بھارتی آرمی چیف کے بیان کا نوٹس لے: لارڈ نذیر، مشعال ملک

رپورٹ: ممتاز حسین

اسلام آباد۔ لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کے بیان پراقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نوٹس لیں، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کہتی ہیں کہ بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کے بعد ثابت ہوگیا ہے کہ مذاکرات کے معاملے پر بھارتی حکومت دباؤ میں تھی۔

اسلام آباد میں مشعال ملک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے لارڈ نذیراحمد نے کہا کہ بھارت میں عدم برداشت بڑھ چکی ہے،پاکستان کے بائیس کروڑ عوام بھارت کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مودی سرکار کی تمام چالاکیاں عام انتخابات کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی آرمی چیف کے غیر ذمہ دارانہ بیان پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نوٹس لیں۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ بھارت نے ہمیشہ مذاکرات کے معاملے پر دھوکہ دیا اور پاکستان کو ڈسا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پرعالمی دباؤ ڈالنے کیلئے حکومت سفارتی کوششیں کرے۔دباؤ کے بغیر بھارت کے ساتھ بات چیت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں فلسطین سے بھی زیادہ تشدد ہو رہا ہے۔ مقبوضہ جموں کشمیر میں لاشوں کی بھی بے حرمتی کی جارہی ہے۔

حریت قیادت نے واضح پیغام دیا تھا کہ لاشوں کے اوپر سیاست نہیں کی جاسکتی۔ بھارت قبضہ گروپ ہے وہ کبھی مذاکرات نہیں کرے گا۔ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔

Comments are closed.